ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مہاراشٹر قانون ساز کونسل انتخاب: مہایوتی کو 9 اور مہاوکاس اگھاڑی کو 2 نشستوں پر ملی کامیابی

مہاراشٹر قانون ساز کونسل انتخاب: مہایوتی کو 9 اور مہاوکاس اگھاڑی کو 2 نشستوں پر ملی کامیابی

Sat, 13 Jul 2024 13:28:59    S.O. News Service

ممبئی، 13/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) مہاراشٹر میں قانون ساز کونسل کی 11 سیٹوں کے لیے آج ووٹنگ ہوئی جس کے نتائج دیر شام جاری کر دیے گئے۔ اس انتخاب میں مہایوتی اور مہا وکاس اگھاڑی کے درمیان مقابلہ تھا جس کے نتائج اب سامنے آ گئے ہیں۔ مہایوتی کو جہاں 9 سیٹوں پر کامیابی ملی ہے، وہیں مہاوکاس اگھاڑی کے 2 امیدوار فتحیاب ہوئے ہیں۔

مہاراشٹر قانون ساز کونسل کی 11 سیٹوں کے لیے آج صبح 9 بجے ووٹنگ شروع ہوئی تھی جو شام 4 بجے تک جاری رہی۔ ووٹوں کی گنتی شام 5 بجے شروع ہوئی تھی۔ 11 سیٹوں کے لیے 12 امیدواروں نے پرچہ داخل کیا تھا اس لیے مقابلہ کافی دلچسپ ہو گیا تھا۔ مہایوتی میں شامل بی جے پی نے 5 امیدوار پنکجا منڈے، یوگیش تلکر، پرینے پھوکے، امت گورکھے اور سدابھاؤ کو ٹکٹ دیا تھا، سبھی کامیاب ہوئے۔ شندے گروپ کی شیوسینا نے 2 امیدواروں کرپال تمانے و بھاؤنا گولی کو ٹکٹ دیا تھا، اور اجیت پوار کی این سی پی نے بھی 2 امیدواروں شیواجی راؤ گرجے و راجیش وتیکر کو میدان میں اتارا تھا۔ ان سبھی کو کامیابی ملی ہے۔

مہاوکاس اگھاڑی کے کامیاب امیدواروں کی بات کریں تو کانگریس نے ایک امیدوار پرگیا ساتو اور شیوسینا یو بی ٹی نے ایک امیدوار ملند نارویکر کو میدان میں اتارا تھا، ان دونوں کو ہی کامیابی ملی۔ شیتکار کامگار پارٹی کے جینت پاٹل انتخاب ہار گئے جنھیں  این سی پی نے حمایت دی تھی۔ پرگیا ساتو کو 25، ملند نارویکر کو 22 اور جینت پاٹل کو 12 ووٹ ملے۔ قابل ذکر ہے کہ مہاراشٹر اسمبلی میں مجموعی ووٹوں کی تعداد 288 ہے۔ ریاست میں فی الحال 274 اراکین اسمبلی ہیں، ایسے میں ایک قانون ساز کونسل کے انتخاب کے لیے کم از کم 23 ووٹ کی ضرورت تھی۔


Share: